سنیل گروور نے پہلی بار کترینہ کیف سے کیسے ملوایا تھا:وکی کوشال

سنیل گروور نے پہلی بار کترینہ کیف سے کیسے ملوایا تھا:وکی کوشال

فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار وکی کوشال نے اپنی اہلیہ کترینہ کیف سے پہلی ملاقات کی دلچسپ تفصیلات بتاتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ پہلی بار ہماری ملاقات معروف کامیڈین سنیل گروور نے کروائی تھی۔

ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کترینہ سے میرا پہلا سامنا ایک ایوارڈ شو کے دوران ہوا جہاں میں میزبانی کر رہا تھا اور کترینہ پرفارم کرنے آئی تھیں، اسٹیج پر میں نے ان کے ساتھ چکنی چمیلی پر ڈانس بھی کیا تھا، اسی دوران بیک اسٹیج سنیل گروور نے ہماری باقاعدہ ملاقات کروائی تھی۔

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ پہلی ملاقات ہی کافی یادگار ثابت ہوئی تھی، مجھے ابھی صرف اسٹیج پر جا کر گڈ نائٹ کہنا تھا، مگر کترینہ نے صرف پانچ منٹ کی ملاقات کے اندر ہی مجھے شو ہوسٹ کرنے کے مشورے دینے شروع کردیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری دوسری ملاقات بھی ایک ایوارڈ شو میں ہوئی تھی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی، اس ایوارڈ شو میں ایک اسکرپٹڈ سیگمنٹ کے دوران میں نے مذاقاً کترینہ سے اسٹیج پر سوال کیا کہ آپ مجھ جیسے اچھے لڑکے سے شادی کیوں نہیں کر لیتیں؟

وکی نے بتایا کہ تب ہم دونوں کے درمیان کوئی تعلق نہیں تھا، یہ منظر چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور یہی وہ لمحہ تھا جہاں سے دونوں کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوئیں جو بعد میں ایک حقیقی رشتے میں تبدیل ہو گئیں۔

گفتگو کے دوران وکی نے مزید بتایا کہ شادی سے پہلے کترینہ نے ایک پنجابی گانا گاتے ہوئے اپنی ریکارڈنگ مجھے بھیجی تھی، کترینہ کو لگا تھا کہ یہ ایک رومانوی پنجابی گانا ہے اور اس نے محبت سے یہ مجھے بھیج دیا، اس سے مجھے اندازہ ہوا کہ وہ پنجابی کلچر سے کتنی محبت کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند سال کی چہ مگوئیوں کے بعد وکی کوشال اور کترینہ کیف نے 9 دسمبر 2021 کو ایک خوبصورت اور نجی شادی کی تقریب میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیا۔

حال ہی میں 7 نومبر 2025 کو دونوں نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی خوشخبری بھی شیئر کی، جسے مداحوں کی جانب سے بےحد محبت ملی۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں