پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی معروف اداکارہ فریال گوہر نے انکشاف کیا کہ سابقہ شوہر اداکار جمال شاہ سے شادی سے قبل میں منی اسکرٹس پہنا کرتی تھی لیکن شادی کے بعد شوہر کی محبت میں برقع بھی پہنا اور پردہ بھی کیا۔
حال ہی میں ماضی کی اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دورانِ انٹرویو جمال شاہ سے اپنی شادی اور ان کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات پر بھی بات کی اور کہا کہ جمال شاہ کے ڈمپل پر فدا ہوگئی تھیں اور ان سے شادی کر بیٹھی، ان کے عشق میں میں نے برقع بھی پہنا لیکن بعد میں احساس ہوا کہ صرف اس سے زندگی نہیں گزرتی۔
اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے کہا کہ جب میری شادی ہوئی تو میں جمال شاہ کے ساتھ پردے میں کوئٹہ گئی تھی۔ جب آپ کی شادی ہو جاتی ہے تو آپ محبت میں بہت سے سمجھوتے کرتے ہیں، اس کے علاوہ میں ثقافتی اصولوں کا بھی احترام کرتی ہوں، میرے سابق سسرال والوں سے اتنے اچھے تعلقات ہیں کہ وہ اب بھی مجھے روزانہ میسج کرتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ جمال شاہ غیر منظم انسان ہیں، لیکن ہماری طلاق کی دیگر کئی وجوہات تھیں جنہیں میں عوامی سطح پر شیئر نہیں کر سکتی، ممکنہ طور پر اس حوالے سے کتاب لکھوں۔
شادی کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے انڈسٹری میں جمال شاہ نے متعارف کروایا تھا، تاہم ان کا خاندان تنگ نظر تھا، اداکاری کرنے پر میرے سسرال والوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور اس پر ایک جرگہ بھی بیٹھا تھا مگر میں نے ان سے کہا کہ آپ اس حوالے سے جمال شاہ سے پوچھیں کیونکہ مجھے وہ لے کر آئے ہیں، لیکن جمال جواب دینے کے بجائے بھاگ گئے تھے۔
فریال گوہر کے مطابق میرے سسرال والے تنگ نظر تھے مگر میرے گھر والے آزاد خیال تھے، میں ایک الگ ماحول سے آئی تھی، میری والدہ بھارتی مسلم تھیں اور ان کی پروریش جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔ وہ شادی کے بعد برطانیہ منتقل ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ تمام باتیں اپنے سسر کو بتائیں اور کہا کہ مجھے جمال شاہ لے کر آئے ہیں تو ان سے سوال کریں۔ میں ان کے فیملی سسٹم کا احترام کرتی تھی اور یہ نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے ان کا نظام خراب ہو، اسی دوران جمال شاہ کو برطانیہ اسکالرشپ کی پیشکش ہوئی تو ہم برطانیہ منتقل ہوگئے۔